ملک میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد عید 7 جون بروز ہفتہ کو ہوگی۔
ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تاہم زونل کمیٹیوں کے مطابق کراچی، لاہور اور پشاور میں چاند نظر نہیں آیا ہے، تاحال چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
لاہور میں مفتی رمضان سیالوی نے تصدیق کی کہ شہر میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کوئی قابل قبول شہادت موصول ہوئی۔ انہوں نے تمام عہدیداران اور میڈیا نمائندگان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
کراچی میں بھی چاند دیکھنے کا وقت ختم ہو چکا ہے اور کسی بھی مقام سے رویت کی شہادت نہیں ملی۔ ذرائع کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے نمائندگان نے چاند کی تلاش کی مکمل کوشش کی۔
ملتان میں مفتی کاشف فریدی نے بتایا کہ شہر میں بادل چھائے ہوئے تھے، جس کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا، اور کسی قسم کی شہادت بھی موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پروفیسر عبدالغفور کی سربراہی میں جاری رہا، انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موسم ابر آلود ہے اور چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں،اگر کسی بھی مقام سے شہادت موصول ہوئی تو مرکزی کمیٹی کو بھیجی جائے گی۔
اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا،چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے تھی، جو رویت کے لیے ناکافی تھی۔
زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس چاروں صوبائی دارالحکومتوں، بشمول لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں ہوئے، لیکن کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہ ہو سکی۔